ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت جرائم جائزہ اجلاس،مختلف امور پر غور

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں / جانوڈاٹ پی کے)ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت کمیونٹی لائنزون ہال میں جرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع میں جرائم کی صورتحال، سنگین مقدمات کے اندراج، تفتیشی امور، زیرِ التوا چالان، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے نمونہ جات، خواتین و بچوں سے متعلق مقدمات، مویشی چوری اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے ہدایت کی کہ سنگین نوعیت کے جرائم میں مقدمات کا اندراج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے اور ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے زیرِ التوا نمونہ جات فوری طور پر جمع کروانے کے لیے ایس ڈی پی اوز کو دو روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس عمل کی خود نگرانی کی جائے۔
اجلاس میں زیرِ التوا چالان فوری مکمل کرکے عدالتوں میں بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈی پی او نے عارضی قیام گاہ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کے چالان بھی جلد از جلد مکمل کرکے عدالتوں میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں ریکوری کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات میں تفتیشی افسران پیشہ ورانہ مہارت، حساسیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے مویشی چوری کے مقدمات میں غفلت اور کوتاہی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مویشی چوری کی روک تھام اور اس کے سدباب کے لیے مؤثر اور عملی حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مویشی چوری کے مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملزمان کی گرفتاری و مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، مقدمات کی مؤثر تفتیش اور سزا یابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ تفتیشی افسران کی کارکردگی کا ہفت روزہ جائزہ مؤثر تفتیش، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور عدالتوں سے سزا یابی کی بنیاد پر لیا جائے گا۔اجلاس میں ضلع بھر کے ڈی ایس پی ، ایس ایچ او اور انچارج انویسٹیگیشن نے شرکت کی



