لاہور کے علاقے ویلینشیا میں افسوسناک واقعہ، خاتون اور تین بچوں کی لاشیں گھر سے برآمد


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ویلینشیا میں ایک گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 40 سالہ علینہ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ ارشیہ اور 9 سالہ ارسل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں بچوں کو مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کیا گیا، جبکہ خاتون کی ہلاکت بھی بظاہر زہر خورانی کے باعث ہوئی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ خاتون اور بچوں کو زہر کس نے اور کن حالات میں دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ فرانزک شواہد، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر تفتیشی معلومات کی روشنی میں اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔