پشاور: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ گھر کے ہال میں لگی، جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر گھریلو سامان موجود تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تمام افراد کی موت آگ کی شدید تپش اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

یہ افسوسناک واقعہ علاقے میں غم کی لہر دوڑا گیا، جبکہ اہلِ محلہ نے متاثرہ خاندان کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button