لوئر دیر میں مقابلہ،دو اہلکار شہید چار زخمی، بنوں میں دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرادی

لوئر دیر،بنوں(جانوڈاٹ پی کے)لوئر دیر میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران دو پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے، بنوں میں تھانہ میریان پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، چار اہلکار زخمی ہوگئے، دہشت گردوں اور پولیس میں مقابلہ جاری ہے، مزید نفری بھیج دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں حیدرے کنڈو ٹاپ میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس کی دہشت گردوں سے شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دیرلوئر جھڑپ میں دہشت گردوں نے پولیس کی تین گاڑیاں بھی نذر آتش کر دیں جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال تیمرگرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حیدرے کنڈو ٹاپ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ ہوئی ہے اور اس کے پیش نظر دیر لوئر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ادھر بنوں میں تھانہ میریان پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا جہاں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ میریان سے ٹکرا دی۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ کے بعد فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور مزید نفری بھجوا دی گئی۔

پولیس کے مطابق بنوں میں تھانہ پر حملے میں اب تک 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button