لودھراں کے قریب مال گاڑی حادثے کا شکار، کراچی جانے والی 3 ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار


لودھراں(جانوڈاٹ پی کے) لودھراں کے قریب مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی جبکہ ڈاؤن ٹریک بلاک ہو گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث کراچی جانے والی متعدد ٹرینوں کی روانگی متاثر ہوئی اور انہیں مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملت ایکسپریس گزشتہ 3 گھنٹوں سے جہانیاں اسٹیشن، قراقرم ایکسپریس 4 گھنٹوں سے قطب پور اسٹیشن جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس 5 گھنٹوں سے دنیا پور اسٹیشن پر کھڑی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ڈاؤن ٹریک کی بحالی کے لیے امدادی اور مرمتی کام جاری ہے، جلد ٹریک کو بحال کر کے ٹرینوں کی روانگی معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔