عیدمیلادالنبیﷺکی بھرپور تیاریاں کرنے کا اعلان

ٹھٹھہ( جاويد لطيف ميمن )جماعت اہل سنت پاکستان ضلع ٹھٹھہ کی سالانہ نشست چھتوچنڈ شہر میں ضلع ٹھٹھہ و سجاول کے صدر فقیر عبدالواحد بروہی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں محمد صدیق شاہ، مولوی محمد یوسف اوٹھو، فقیر عبدالحق بروہی، اختر علی بروہی، سید پیر محمد شاہ، اظہر الدین بروہی، ایاز خاصخیلی، غلام سرور میمن، اصغر عباسی، حاجی قربان، حاجی غلام رسول، محمد نور بروہی، نورالامین بروہی، سیٹھ حاجی علی بروہی سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں جشن عید میلاد النبی ﷺ اور درگاہ عالیہ مشوری شریف، لاڑکانہ کے سالانہ عرس کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر فقیر عبدالواحد بروہی نے کہا کہ سالانہ اجلاس کا مقصد جشن عید میلاد النبی ﷺ اور عرس شریف کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منانے کے انتظامات کو حتمی شکل دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مرشدوں اور حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزارنی چاہیے، پانچ وقت نماز کی پابندی کرنی چاہیے، بزرگوں کا احترام اور چھوٹوں سے محبت کرنی چاہیے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔

مولوی محمد یوسف اوٹھو، محمد صدیق شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ 12 ربیع الاول خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا مبارک دن ہے، جسے ہر سال عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ظلم، جہالت، قبائلی تعصبات اور ناانصافی کے خلاف حکمت، علم اور صبر کے ذریعے جدوجہد کی اور انسانیت کو امن، عدل، مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت و تعلیمات پر عمل ہی ایک پرامن اور مثالی معاشرے کی ضمانت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button