بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف پیپلز پارٹی کی احتجاجی ریلی، لاڑکانہ "مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں” کے نعروں سے گونج اٹھا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی اپیل پر بھارت کی مبینہ آبی جارحیت کے خلاف لاڑکانہ میں "مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں” کے عنوان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اعجاز احمد لغاری، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ خیر محمد شیخ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

احتجاجی ریلی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں، منتخب نمائندوں اور خواتین ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ "مرسوں مرسوں، سندھو نہ ڈیسوں” کے نعرے بھی لگائے گئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت دریائے سندھ کے پانی سے متعلق پاکستان کے حقوق کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ دریائے سندھ پر پاکستان کا حق ہے اور پانی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی اور عوامی حقوق کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button