بدین میں خاندانی منصوبہ بندی اور صحت سے متعلق آگاہی کیمپس

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے آج عالمی یومِ آبادی کے موقع پر صوبائی وزیر عذرا پیچوہو اور سیکریٹری حفیظ اللہ عباسی کی ہدایات پر بدین، تلہار، ٹنڈو باگو، گولاڑچی سمیت ضلع بھر میں آگاہی کیمپس قائم کیے گئے۔
کیمپس میں ڈاکٹر نسرین بی بی، ڈاکٹر نیلم، ڈاکٹر صدف اور دیگر خواتین ڈاکٹروں نے آبادی میں اضافے، ماں اور بچے کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور صحت مند معاشرے کی اہمیت کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی افسر سید لکھاڈنو شاہ، الطاف سوڈھر، اصغر نوتکانی اور دیگر نے کہا کہ عالمی یومِ آبادی منانے کا مقصد عوام میں آبادی سے متعلق مسائل، خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ خاندانوں کو صحت، تعلیم اور آبادی سے متعلق درست معلومات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماں اور بچے کی بہتر صحت، خواتین کو بااختیار بنانے اور ذمہ دارانہ خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے ہی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
تقریب کے دوران شرکاء میں آگاہی پر مبنی معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا، جبکہ عالمی یومِ آبادی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس مقصد کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔



