مفتی تقی عثمانی سے تعمیری ملاقات، ڈیجیٹل اثاثوں پر مشاورت جاری،بلال بن ثاقب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی(پی وی اے آر اے)کےچیئرمین بلال بن ثاقب نےکہا ہے مفتی تقی عثمانی کیساتھ ڈیجیٹل اثاثوں اور انکی شرعی حیثیت سے متعلق نہایت تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔اپنے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک بنیادی مقصد پر متفق ہیں کہ پاکستانی عوام کو دھوکہ دہی،استحصال اور مالی نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔بلال بن ثاقب کے مطابق میں نے اس موقع پر مؤقف پیش کیا کہ بلاک چین، ڈیجیٹل اثاثے، اسٹیبل کوائنز اور ٹوکنائزیشن رئیل ورلڈ اسیٹ مختلف نوعیت کی ٹیکنالوجیز اور ان کے استعمال پر مشتمل ایک وسیع شعبہ ہے، لہٰذا ان کا جائزہ ایک ہی زاویے سے لینے کے بجائے ہر شعبے کی تکنیکی نوعیت اور شرعی پہلوؤں کا الگ الگ، گہرائی سے اور احتیاط کے ساتھ جائزہ لیا جانا چاہیے۔انھوں نے مزید کہا چونکہ یہ شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے، اس لیے میری خواہش ہے کہ معزز علمائے کرام، ریگولیٹرز اور صنعت کے ماہرین کے درمیان گفتگو جاری رہے، تاکہ پاکستان کی پالیسی اسلامی اصولوں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی جامع اور درست سمجھ کی بنیاد پر مرتب کی جاسکے۔



