لارنس بشنوئی گینگ کے گرد گھیرا تنگ،فرانس میں قریبی ساتھی گرفتار،کینیڈا سے ایک اور رکن کی بیدخلی کاحکم

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی بدنامِ زمانہ گینگ لارنس بشنوئی کیخلاف عالمی سطح پر کریک ڈاؤن مزید تیز ہو گیا، امریکا کے بعد فرانس اور کینیڈا نے بھی گینگ سے وابستہ افراد کےخلاف بڑی کارروائیاں کی ہیں۔کینیڈین رائل ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گریندردیوکوفرانس میں گرفتار کر لیا گیا ہے،اسے کینیڈا منتقل کرنے کے لیے حوالگی ملزمان کا عمل شروع کیا جائے گا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق40سالہ گریندردیو ’ڈاکٹر‘، ’راکٹ‘ اور ’رِٹز کارلٹن‘ کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے،جو گینگ کے مالی اور منشیات سے متعلق نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرتا تھااس پر جنوبی کیلیفورنیا سے امریکا کے مشرقی علاقوں تک بڑی مقدارمیں کوکین اور ہیروئن پہنچانے کا الزام ہے۔
امریکا میں جون2025ءمیں تقریباً99.2کلو گرام کوکین اور1کلو گرام ہیروئن کی کھیپ ضبط کی گئی تھی جس میں گریندردیو نامزدملزم ہے۔کینیڈا کے امیگریشن اور ریفیوجی ٹربیونل نے گینگ کے مبینہ رکن جشندیپ سنگھ کو بھارت واپس بھیجنے کا حکم دیا ہے۔جشندیپ سنگھ پر کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا ہتھیار چھپانے میں مدد دینے کا الزام ہے تاہم اس کے خلاف اب تک کوئی باضابطہ فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔جشندیپ سنگھ 2022ء میں اسٹوڈنٹ ویزے پر کینیڈا آیا تھا اور اس نے تمام الزامات مسترد کیے ہیں۔



