گولاڑچی تھانے کی لاک اپ میں نوجوان کی مبینہ خودکشی، تحقیقات شروع

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) گولاڑچی تھانے کی لاک اپ میں ٹنڈو محمد خان کے رہائشی نوجوان تھانور ولد فوٹو کولہی کی مبینہ خودکشی کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانور کولہی کا تعلق گاؤں کمال خان نوناری سے تھا اور اس نے گولاڑچی کے قریب چک نمبر 58 میں رہائش پذیر کولہی برادری کی خاتون سے شادی کی تھی۔ بعد ازاں مبینہ طور پر اہلیہ ناراض ہو کر میکے چلی گئی، جسے واپس لانے کے لیے تھانور چک نمبر 58 پہنچا جہاں اس کا اپنے سسر دھنو مل کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد دھنو مل نے گولاڑچی تھانے پہنچ کر مقدمہ درج کرایا، جس پر پولیس نے تھانور کولہی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار نوجوان رات گئے تھانے کی لاک اپ کے باتھ روم میں گیا، جہاں اس نے اپنی قمیص کے ذریعے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔
بعد ازاں ورثا کی رضامندی سے لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے ان کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق لاش فیملی کورٹ بدین کے جج سکندر ٹالپر کی نگرانی میں ورثا کے حوالے کی گئی، جبکہ مجسٹریٹ نے ورثا اور پولیس اہلکاروں کے بیانات بھی قلم بند کیے۔
ڈاکٹروں کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق موت گردن کی ہڈی (مہرہ) ٹوٹنے کے باعث واقع ہوئی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



