ماتلی میں 60 کروڑ روپے کا گیس منصوبہ، 80 کلومیٹر جدید پائپ لائن بچھانے کے کام کا جائزہ

ماتلی (ایم آر گدی / جانو ڈاٹ پی کے) سدرن سوئی گیس کمپنی (SSGC) کے سینئر جنرل منیجر سندھ و بلوچستان مدنی عرفات نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ماتلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری 80 کلومیٹر طویل جدید گیس پائپ لائن منصوبے اور گیس چوری کے خلاف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وفد میں کوآرڈینیٹر ایس جی ایم سندھ و بلوچستان کاشف حسین، ریجنل ہیڈ میرپورخاص منظور احمد میمن اور ضلع بدین کے گیس افسران بھی شامل تھے۔
ایس ڈی او سوئی گیس ماتلی محمد عظیم پہنور نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرانے اور بوسیدہ گیس نیٹ ورک کی جگہ مرحلہ وار جدید پلاسٹک پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے، جس سے شہر میں گیس کی ترسیل کا نظام مزید محفوظ، جدید اور مؤثر ہو جائے گا۔
انہوں نے گیس چوری کے خلاف حالیہ کارروائیوں، غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے اور منظم گیس چوری نیٹ ورک کے خلاف کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں گیس کے ضیاع میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں کم پریشر اور گیس فراہمی سے متعلق صارفین کی شکایات میں بھی بہتری آئی ہے۔
وفد نے جاری منصوبے کے کام کے معیار، رفتار اور فیلڈ آپریشنز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سینئر جنرل منیجر مدنی عرفات نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 80 کلومیٹر طویل نیا گیس نیٹ ورک مکمل ہونے سے ماتلی کے صارفین کو زیادہ مستحکم، محفوظ اور بہتر پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے گیس چوری کی روک تھام، غیر قانونی نیٹ ورک کے خاتمے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے پر ایس ڈی او محمد عظیم پہنور اور ماتلی کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
مدنی عرفات نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہری اس اہم ترقیاتی منصوبے کے فوائد جلد حاصل کر سکیں۔



