ماتلی کے قریب مسافر سوزوکی حادثے کا شکار، 2 خواتین جاں بحق، 13 افراد زخمی

ماتلی (ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے) ٹنڈو غلام علی کے قریب نئی دمبالو کے علاقے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر سوزوکی کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ زرداری روڈ پر گاؤں علی محمد منگریو کے مقام پر پیش آیا۔ نئی دمبالو سے آنے والی مسافر سوزوکی اچانک ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک پر الٹ گئی۔

حادثے میں مسمات بشیراں زوجہ خیر محمد لاشاری اور مسمات سلطانہ زوجہ سچل لاشاری موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ زخمیوں میں شبنم، تبسم، رضیہ، لیلا، نورجہاں، بھاگ بھری، شمیم، شمیم بانو، سوہانہ، محمد عارب لاشاری سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو گاڑی سے نکالا اور ٹنڈو غلام علی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں مزید علاج کے لیے بڑے اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی جاں بحق خواتین کے گھروں میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔

مزید خبریں

Back to top button