پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی عالمی سطح پر کامیابی، مریم نواز نے بین الاقوامی اعزازات پر مبارکباد دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ٹیکنالوجی پر مبنی جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے شعبے میں عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) امریکا نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑیوں کے جرائم کی روک تھام میں عالمی قیادت کے اعتراف میں 2026 کے "لیڈرشپ اِن دی پریونشن آف وہیکل کرائمز ایوارڈ” کے لیے منتخب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا منصوبہ "میرا پیارا” (بچوں کی حفاظت کے لیے ورچوئل سینٹر) اقوام متحدہ کے WSIS ایوارڈز 2026 میں ای گورننس کے شعبے میں "چیمپئن پروجیکٹ” قرار پایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو منصوبے، "ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن” اور "ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی” بھی ای گورننس کے شعبے میں دنیا کے بہترین 20 منصوبوں میں شامل کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ عالمی اعزازات پنجاب حکومت کے سمارٹ اور ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ڈی جی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس کی قیادت کو بھی سراہا۔



