وزیراعظم کا ایرانی صدر اور امیرِ قطر سے رابطہ،فریقین سے کشیدگی کم کرنے اور تحمل و بردباری اختیار کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے کی حالیہ کشیدگی پر اظہار تشویش کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریق تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں، متعلقہ فریق ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم کے لیے پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، مفاہمتی یادداشت احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ، دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل کا شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق مسعود پزشکیان نے ایرانی صدر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم کا امیر قطر سے رابطہ
وزیراعظم نے امیر قطر سے رابطہ کرکے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اورحالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام فریق خطے میں امن کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں، تمام فریق ایسے اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر قطر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، برگن اسٹاک مذاکرات میں امن کوششوں میں قطر کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔



