محسن نقوی کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے، جنہوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔
انہوں نے مزید 13 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں ہمارے سکیورٹی ادارے ہر محاذ پر کامیابی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم متحد اور یکجان ہے، جبکہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



