اراکینِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے،بلیو پاسپورٹ کیلئے بل سینیٹ کمیٹی سے منظور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اراکینِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق بل سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ نے متفقہ طور پر منظور کرلیا، بل سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹر محمد عبدالقادر کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل "دی ممبرز آف پارلیمنٹ (سیلریز اینڈ الاؤنسز) ترمیمی ایکٹ 2026ء پیش کیا گیا۔
بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو مفت آفیشل (بلو) پاس پورٹ کا حق دار بنایا جائے گا، سابق رکنِ پارلیمنٹ کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر کے زیر کفالت بچے بھی مفت بلو پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے، ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز (BPS-22) اور ان کی فیملیز کو یہ سہولت پہلے سے حاصل ہے، سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹریز کے مساوی لایا جائے۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے تفصیلی غور اور جائزے کے بعد بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو اب حتمی قانون سازی اور ووٹنگ کے لیے سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔



