مرتضیٰ وہاب کی بلاول بھٹو سے ملاقات، کراچی میں مکمل ہونے والے میگا منصوبوں کی رپورٹ پیش

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں شہر میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میئر کراچی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کراچی میں چھ بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابراہیم حیدری، ملیر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ریلوے کالونی کے اوپر پل صرف 120 دن میں تعمیر کیا گیا، جبکہ عظیم پورہ فلائی اوور 93 دن میں مکمل کیا گیا، جس سے کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ حالیہ مہینوں میں شاہراہ بھٹو، کریم آباد انڈرپاس، سینیٹر تاج حیدر پل اور کورنگی کازوے پل بھی مکمل کیے گئے، جو شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی کو کراچی میں نئے پمپنگ اسٹیشنز، آر او پلانٹس اور دیگر آبی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ گٹر باغیچہ میں پاکستان کا سب سے بڑا یومیہ 100 ملین گیلن صلاحیت کا سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جو شہر کے نکاسی آب کے نظام میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی اور شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button