ایران کے داغے گئے 8 میزائل فضائی دفاعی نظام نے مار گرائے،اردن کا دعویٰ

اردن(جانوڈاٹ پی کے)اردن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے آج دوپہر ایران کی جانب سے داغے گئے 8 میزائلوں کو مار گرایا ہے۔ کچھ میزائلوں کا ملبہ زمین پر گرا، تاہم کسی جانی نقصان یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے قبل اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے حکومتی ترجمان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ملک کی فضائی حدود میں ایران کی طرف سے داغے گئے میزائلوں کا علم ہونے کے بعد ملک بھر میں انتباہی سائرن بجائے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اردنی حکومت کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ملک کی مسلح افواج مکمل چوکس ہیں اور مملکت اردن کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
اس سے قبل ایرانی میڈیا نے اردن میں امریکی اڈے پر حملے کی خبر دی تھی تاہم امریکہ نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
حالیہ جنگ کے دوران، تہران نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں قطر، بحرین، کویت اور اردن سمیت علاقائی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو بارہا نشانہ بنایا ہے۔



