پاکستان کا اقوام متحدہ میں بڑا مطالبہ، تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز عالمی اقدامات پر زور

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے مزید مؤثر، غیر جانب دار اور بلاامتیاز عالمی اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگوں اور تنازعات میں جنسی تشدد کوئی ناگزیر عمل نہیں بلکہ اسے اکثر خوف، جبر اور اجتماعی سزا کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم نہ صرف متاثرین کی زندگیاں تباہ کرتے ہیں بلکہ خاندانوں کو بکھیر دیتے ہیں اور معاشروں پر طویل المدتی منفی اثرات چھوڑتے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے تاکہ انصاف کا تقاضا پورا ہو سکے۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ متاثرین کو طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی معاونت فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ انصاف کی فراہمی اور انسانی وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

پاکستان نے خواتین کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی انسانی قانون پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button