آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت کھلے گی، باقر قالیباف

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے پارلیمانی سپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت ہی کھلے گی، امریکی دھمکیاں اس اہم آبی گزرگاہ کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکہ نے اب تک یہ سبق نہیں سیکھا کہ دباؤ اور وعدہ خلافی بغیر قیمت ادا کیے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی سپیکر نے الزام عائد کیا کہ امریکہ مسلسل دباؤ ڈالنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے اور خبردار کیا کہ مزید اقدامات خطے میں صورتحال کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے رابطہ کیا ہے اور وہ معاہدے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے حملہ کیا تو امریکہ 20 گنا زیادہ طاقت سے جواب دے گا۔

ایران کے پارلیمانی قومی سلامتی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔ انہوں نے خلیجی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تیل اور گیس کے تنصیبات کے تحفظ پر توجہ دیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ امریکہ نے مفاہمتی یادداشت کی شرائط کی خلاف ورزی کی اور امریکی حملوں سے معاہدے کو نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button