وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ، رجسٹرار درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر واپس نہیں کر سکتا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی آئینی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ رجسٹرار کو درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر واپس کرنے کا اختیار نہیں، درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا تعین صرف عدالت کر سکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس حسن اظہر رضوی نے رجسٹرار اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل پر تحریر کردہ 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  رجسٹرار کا کام صرف انتظامی نوعیت کا ہے، رجسٹرار آفس صرف انتظامی نوعیت کے اعتراضات ہی عائد کر سکتا ہے، رجسٹرار آفس درخواست صرف رولز کے خلاف دائر ہونے پر واپس کر سکتا ہے، رجسٹرار آفس کسی صورت عدالتی اختیارات استعمال نہیں کر سکتا۔

وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ عدالتی اختیارات کسی انتظامی افسر کو تفویض کیے جائیں، انتظامی افسر کو عدالتی اختیار دینا آئین میں درج اختیارات کی تقسیم کے خلاف ہے، رجسٹرار آفس کسی آئینی درخواست کو غیر سنجیدہ بھی قرار نہیں دے سکتا۔

واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے رضیہ اسلم کی آئینی درخواست 14 فروری کو ناقابل سماعت ہونے کا اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی، درخواست گزار نے رجسٹرار آفس اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button