ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رہے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دم تک جاری رہے گی، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

ہنہ اوڑک واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں اور انسدادِ دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کے اہلکاروں کی ٹراما سینٹر میں عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور مقامی عوام نے مل کر دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام نے غیر معمولی حوصلے اور بہادری کا مظاہرہ کیا، حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جبکہ معاوضے کے چیک کل ہی تقسیم کر دیے جائیں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان اس وقت جنگ جیسے حالات سے گزر رہا ہے، دہشت گرد چند لمحوں کے لیے سڑکوں پر آتے ہیں، لیکن ریاست ہر حال میں اپنی رٹ برقرار رکھے گی اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال ابھی مثالی نہیں، تاہم حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ نے گزشتہ شب ہنہ اوڑک کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

مزید خبریں

Back to top button