اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے،لبنانی صدر

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)لبنانی صدر جوزف عون نے اسرائیل کے ساتھ جاری مذاکرات کا دفاع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنانی ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر عون نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ جاری مذاکرات کو غداری قرار دینا درست نہیں۔ اس کا مقصد لبنان کے قومی مفادات، خودمختاری اور سرحدی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنانا ہے۔

صدر عون کے بقول اب وقت آ گیا ہے کہ لبنان جنگوں اور بیرونی سرپرستی کے دور سے نکلے۔ عوام، خصوصاً جنوبی لبنان کے رہائشی، عزت، امن اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزارنے کے حق دار ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے فریم ورک معاہدے کی شقیں لبنان کے آئینی اصولوں یا قومی حقوق سے متصادم نہیں بلکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کی گئی ہیں۔

صدر عون نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر کہا کہ جو بھی خودمختاری کے اصول کا احترام کرتا ہے اسے اس معاملے میں ریاست کے فیصلے کا بھی احترام کرنا چاہیے۔ ہم اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ امریکا کی ثالثی میں لبنانی حکومت اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر صدر جوزف عون کو شدید سیاسی تنقید کا سامنا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ہے کہ اس معاہدے سے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت متاثر ہو سکتی ہے اور اسرائیل کو متنازع سرحدی علاقوں میں فائدہ پہنچنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں شدت آنے کے بعد بین الاقوامی ثالثی کی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور سرحدی امور پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاہم دونوں فریقوں کے درمیان کئی اہم معاملات اب بھی حل طلب ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button