ای چالان سے متعلق شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری، سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ چالان ختم کرنے کی تجویز

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ای چالان سے پریشان شہریوں کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے، کیونکہ سندھ حکومت نے سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ پہننے پر کیے جانے والے چالان ختم کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے رکھ دی ہے۔

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے وقت اس کی شدید مخالفت ہوئی تھی، تاہم حکومت اس نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو تجویز دی گئی ہے کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ لگانے پر ای چالان ختم کر دیا جائے، جبکہ موجودہ نظام میں دیگر ضروری بہتریاں بھی زیر غور ہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ تمام گاڑیوں میں ڈیش کیمز نصب نہیں کیے جا سکے اور کراچی میں واٹر ٹینکرز میں بھی سو فیصد ٹریکرز نہیں لگائے جا سکے، اس کے باوجود بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں اور بعض معاملات میں فوجداری نوعیت کے مقدمات بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی، تاہم حکومت ان کے دباؤ میں نہیں آئی۔ ان کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر جرمانے بڑھا کر دو سے ڈھائی لاکھ روپے تک کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ٹریفک حادثات اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے واقعات میں کمی آئی ہے، جبکہ حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک قوانین کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔

پینے کے پانی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود بھی کراچی کی پانی کی تمام ضروریات پوری نہیں ہو سکیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button