سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی اسرائیلی دھمکی ریاستی دہشت گردی ہے، ایران

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو قتل کرنے کی مبینہ دھمکی کے خلاف اقوامِ متحدہ میں باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو ارسال کیے گئے خط میں امیر سعید ایروانی نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی مبینہ دھمکی ایرانی حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی ایک منظم اور دانستہ ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔

ایرانی سفیر نے اس دھمکی کو ایران کے خلاف اسرائیل کی مبینہ جارحانہ کارروائیوں سے جوڑتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان اقدامات میں ایرانی اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات کو نشانہ بنایا گیا، اور ان کارروائیوں میں امریکہ کی شرکت، رابطہ کاری اور حمایت بھی شامل رہی۔

امیر سعید ایروانی نے اپنے خط میں سلامتی کونسل پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو مؤثر جواب دہی کے بغیر کارروائیاں کرنے کی اجازت دی گئی، جس سے سزا سے استثنا کا ماحول پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تہران کسی بھی دشمنانہ اقدام کا مناسب جواب دے گا، جبکہ یہ بھی کہا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے منشور کے تحت اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہ کرنے سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button