برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، دن ہی نہیں راتوں کا درجہ حرارت بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ میں 1884 سے شروع ہونے والے ریکارڈ میں جون اب تک کا دوسرا گرم ترین مہینہ رہا۔
یورپ کے مختلف ملکوں میں شدید گرمی سے عوام بے حال ہیں، یورپ کے دیگر ملکوں کی طرح برطانیہ میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔
برطانیہ کے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 ملک کی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شامل رہا، برطانیہ اور ویلز میں گزشتہ ماہ 1884 کے بعد سے دوسرا گرم ترین مہینہ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2026 کے دوران اوسط درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جون کے مہینے میں برطانیہ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں رات کے وقت بھی درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہےکہ گرمی کی شدت صرف دن ہی نہیں بلکہ رات کے اوقات میں بھی غیر معمولی رہی۔
برطانیہ کے علاقے سرے چارلووڈ میں درجہ حرارت 35.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم اس سے قبل 1976 میں جون کے مہینے میں درجہ حرارت 35.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔



