خیبرپختونخوا میں صرف میرٹ پر فیصلے ہو رہے ہیں، بجٹ بہترین ہے، بیرسٹر گوہر

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور صوبے میں تمام فیصلے میرٹ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی تقرری کے معاملے پر بعض عناصر سیاست کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے ان کی خلیق الرحمان سے بات ہوئی ہے اور وہ تقرریوں کے عمل سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی توجہ اس وقت آزاد کشمیر کے انتخابات پر مرکوز ہے، جبکہ مذاکرات کا عمل فی الحال عملی طور پر موجود نہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی سے ہاتھ ملانے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پی ٹی آئی نے ہار مان لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کے مفاد میں ہر فورم پر بات کرتے رہیں گے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق ہر معاملے پر عدالت سے رجوع کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندر جمہوری اختلاف رائے موجود ہے، تاہم تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق کیے جاتے ہیں۔ ان کے بقول سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیے جانے کے فیصلے کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ان کے خلاف نہ کوئی سازش ہو رہی ہے اور نہ ہی انہیں تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جس طرح بجٹ کی منظوری کے موقع پر پارٹی متحد رہی، آئندہ بھی اسی اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور دوبارہ وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے خواہش مند نہیں ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button