بھارت کا بیان بے بنیاد اور من گھڑت ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جائز تھیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف پاکستان کی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق جائز اور ضروری تھیں، جبکہ اس حوالے سے بھارت کے الزامات حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو مسلسل دبا رہا ہے، جبکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی بھی کرتا رہا ہے اور افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والا کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو عالمی سطح پر کوئی اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔

طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ جو ملک اپنے ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا ریکارڈ رکھتا ہو، اس کی جانب سے ایسے بیانات دینا مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ممکن اور ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button