خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کیس، الیکشن کمیشن کا حکومت سے جواب طلب، 7 جولائی کو سیکرٹری کی طلبی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر متعلقہ سیکرٹری کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی، جس میں سیکرٹری بلدیات خیبرپختونخوا ظفرالاسلام پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران سیکرٹری بلدیات نے بتایا کہ چیف سیکرٹری اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سات نئی تحصیلیں قائم کی جا چکی ہیں، جبکہ نیبرہڈ کونسلز اور ویلیج کونسلز کی تعداد بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نقشوں کے حصول کے لیے پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس سے رابطہ کیا گیا، تاہم ادارے نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے شیڈول میں اضلاع کی نئی تعداد ابھی شامل نہیں، جبکہ اس حوالے سے سمری منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے اور خیبرپختونخوا کابینہ اور گورنر کی منظوری کے بعد نیا شیڈول نافذ کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت تاحال 15 اضلاع کے نقشے فراہم نہیں کر سکی۔ کمیشن نے اپنے متعلقہ حکام کو صوبائی حکومت کو مطلوبہ مواد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری کی موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔



