ملک بھر میں آج سے بارشوں کا طاقتور اسپیل، کئی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شہر میں صبح کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں دن کے اوقات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فضائی معیار اطمینان بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار محفوظ حد کے اندر ہے۔



