خیبرپختونخوا حکومت کا صحافیوں کیلئے بڑا پیکج، بلاسود قرضوں، نئی پریس کلب عمارت اور 50 کروڑ کے ویلفیئر فنڈ کا اعلان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے، پشاور کے صحافیوں کے لیے الگ انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے پر اصولی اتفاق اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ کے ساتھ صحافیوں کو محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے، صوبے بھر کے ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے اور انفارمیشن سیکٹر میں جدت اور ترقی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے تاکہ صحافی برادری کو مزید مؤثر مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اداروں کی ترقی کے ساتھ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بہتر حالاتِ کار بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو منصوبے پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے، قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے اور صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

مزید خبریں

Back to top button