محکمہ اوقاف میں عرس حضرت داتا گنج بخشؒ اورعید میلاد النبیؐ کے فنڈز میں بے ضابطگیاں،3 سابق افسران کیخلاف کارروائی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں محکمہ اوقاف پنجاب میں عرس حضرت داتا گنج بخشؒ اور عید میلاد النبیؐ کے فنڈز میں سنگین مالی بے ضابطگیاں اور کرپشن ثابت ہونے پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے تین سابق افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔
سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ جاوید شوکت کو مالی بدعنوانی، قواعد کی خلاف ورزی اور اوپن چیکس کے ذریعے من پسند سپلائرز کو ادائیگیوں کے الزام میں ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے 64 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کا حکم دیا گیا، جبکہ سابق ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد کو پانچ سال کے لیے نچلے عہدے پر تنزلی اور 28 لاکھ روپے، جبکہ سابق منیجر داتا دربار طاہر مقصود کو تین سال کے لیے تنزلی اور 18 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کا حکم دیا گیا۔
محکمانہ انکوائری میں عرس انتظامات کے دوران مروجہ مانیٹرنگ نظام کو بائی پاس کرنے، وینڈر سبسٹی ٹیوشن اور من پسند سپلائرز کو نوازنے کے الزامات ثابت ہونے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) کو ریفرنس بھیجنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
علاوہ ازیں سابق خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی کے خلاف 26 لاکھ روپے فنڈز کی مبینہ وصولی پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری اور سابق سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف و سابق ڈی جی مذہبی امور کے کردار کے تعین کے لیے الگ تحقیقات کا حکم دیا گیا۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ اوقاف کو بدعنوان اور نااہل عناصر سے پاک کرتے ہوئے میرٹ، شفافیت اور محکمانہ مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔



