جاپان کا آن لائن فراڈ کے خلاف جدید اقدام، اے آئی ورچوئل پولیس افسر "AIKO” متعارف


ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک)جاپان نے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ورچوئل پولیس افسر "AIKO” متعارف کرا دی ہے، جو عوام کو جدید فراڈ سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کرے گی۔
اوساکا پریفیکچرل پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی AIKO یوٹیوب پر ایک نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں شہریوں کو مختلف آن لائن فراڈز سے بچنے کے طریقے بتاتی ہے۔ وہ خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص ویڈیو کال پر خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو اس کے دھوکا باز ہونے کا قوی امکان ہے۔
جاپانی حکام کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ سال مشہور شخصیات کے نام پر ہونے والے آن لائن فراڈ کے باعث شہریوں کو 2 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ AIKO کو حقیقی فراڈ کالز اور مجرمانہ گفتگوؤں کے تجزیے کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے تاکہ عوام کو دھوکا دہی کے نئے طریقوں، مشکوک علامات اور احتیاطی تدابیر سے مؤثر انداز میں آگاہ کیا جا سکے۔