پیٹرولیم قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کیلئے حکومت کا بڑا اقدام، پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کم کرنے اور ایندھن کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ نے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں فنڈ کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق فنڈ کے تمام مالی وسائل وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں جمع ہوں گے، جبکہ اس کے لیے الگ اکاؤنٹنگ ہیڈ بھی مختص کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا مشترکہ طور پر فنڈ کے آپریٹنگ طریقہ کار، گورننس اور آپریشنل فریم ورک تیار کریں گے، جبکہ فنڈ کے انتظامی اور مالیاتی قواعد بھی علیحدہ سے منظور کیے جائیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس نئے مالیاتی نظام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کو مؤثر انداز میں سنبھالنا اور ملکی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ استحکام پیدا کرنا ہے۔

اسٹیٹ بینک، صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی فنڈ کے قیام سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button