معرکۂ حق نے پاکستان کی پیشہ ورانہ عسکری صلاحیت اور سفارتی مؤقف کو مضبوط کیا، برطانوی تحقیقی رپورٹ

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) ایک برطانوی تحقیقی رپورٹ میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی عسکری حکمت عملی، دفاعی تیاری اور سفارتی اقدامات کو نمایاں قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے مؤثر دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق آزاد تحقیقی و تجزیاتی ادارے پاکستان پلے بک نے معرکۂ حق کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کی عسکری برتری، فضائی دفاع اور اسٹریٹجک حکمت عملی کو شواہد کی بنیاد پر مؤثر قرار دیا۔
تحقیقی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ معرکے کے دوران بھارت کو بھاری عسکری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے بھارتی حملوں اور ڈرونز کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سیٹلائٹ شواہد کے مطابق پاکستان کے جنگی طیاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی اہم پیش رفت کی، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار اور مختلف ممالک کے ساتھ بڑھتے سفارتی روابط کو بھی نمایاں قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جدید جنگوں میں صرف دفاعی بجٹ ہی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا بلکہ عسکری قیادت، پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔



