امریکا میں بھی سخت گرمی کی وارننگ جاری، درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)یورپ کے بعد  امریکا میں  بھی خطرناک گرمی کی  وارننگ  جاری کردی گئی ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس نے وسطی اور مشرقی ریاستوں میں رواں ہفتے درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق گرمی کی لہر کئی دن تک برقرار رہے گی اور آئند جمعہ کو اس وقت اپنے عروج پر ہوگی جب یوم آزادی کی طویل تعطیلات شروع ہوں گی۔ منگل سے ہفتہ تک درجنوں شہروں میں روزانہ کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹنے یا برابر ہونےکا امکان ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں شدید گرمی سب سے جان لیوا موسمی خطرہ سمجھی جاتی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال گرمی سے ہونے والی اموات کی تعداد اوسطاً بگولوں، سمندری طوفانوں اور آسمانی بجلی سے ہونے والی مجموعی اموات سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی امریکا کے بڑے حصے میں جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔

دوسری جانب یورپ میں ہیٹ ویو سے ایک ہفتے میں 1300سے زائد اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔

فرانس میں تقریباً ایک ہزار، اسپین میں سوا تین سو سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اٹلی میں آج شدید گرمی کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔ فرانس، جرمنی، اٹلی سمیت کئی یورپی ممالک میں ریلوے سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

یورپ بھر میں ہیٹ ویو مزید ایک ہفتہ جاری رہنےکی پیش گوئی کی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ میں درجہ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں دوگنی رفتار سے بڑھ رہا ہے، اس وقت تقریباً 15 کروڑ افراد شدید گرمی کی زد میں ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ یورپ کا بنیادی ڈھانچہ اتنی شدید گرمی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں کیا گیا، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے باعث جو شدید گرمی کی لہریں پہلے کئی دہائیوں میں ایک بار آتی تھیں، اب تقریباً ہر سال آنے لگی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button