حسن علی پاکستانی کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی نے انگلینڈ میں دیئے گئے اپنے ایک انٹریو میں پاکستانی کرکٹ سے متعلق پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری کی بات کروں تو میں بہت پریشان ہوں ، بہت سے لوگ یہ بات سوچ رہے ہیں کہ ہم کیسے بہتر ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوچ رہے ہیں کہ ہماری ٹیم اور ہمارے کھلاڑی کیسے بہتر ہو سکتے ہیں ، بہتر ہو کر ہم بڑے ٹورنامنٹ اور سیریز جیت سکتے ہیں ، میرے خیال میں پہلے ہی اس حوالے سے سوچا جا رہا ہے ، میں صرف اپنے بارے میں بتا سکتا ہوں کہ میں موجودہ حالات میں پریشان ہوں ، مجھے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے دس برس ہو گئے ہیں ، میں نے اس طرح کی ٹیم کبھی نہیں دیکھی ، فینز بھی فکر مند ہیں اور میڈیا بھی فکر مند ہے ، پی سی بی اور کھلاڑی بھی اس حوالے سے پریشان ہیں ۔
فاسٹ باولر کا کہنا تھا کہ اس کے لیے سوچنا پڑے گا اور بیٹھنا پڑے گا مجھے امید ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈر بیٹھیں گے ، مجھے لگتا ہے کہ اس حوالے سے بیٹھ کر سوچ بچار ہو رہی ہو گی ، کھلاڑیوں سمیت سب کو سوچنا ہے کہ ہم موجودہ صورتحال سے کیسے نکل سکتے ہیں ، ہم کھلاڑی اور ٹیم کی حیثیت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں مستقبل ہمیشہ روشن رہتا ہے ، یہ بھی کہوں گا کہ رائٹ فارمیٹ کے لیے رائٹ پلئیرز کا انتخاب کرنا ہے ، ہمیں کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہوگا، سسٹم کو کھلاڑیوں کا خیال رکھنا ہو گا انہیں درست پاتھ وے سے آگے لانا ہو گا، ان پر عمل کر کے ہم اپنے معاملات کو درست کر سکتے ہیں ۔



