شاہ سلمان کا بڑا اعلان، 66 ممالک کے ایک ہزار عمرہ زائرین شاہی مہمان بنیں گے

ریاض (ویب ڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر دنیا بھر کے 66 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار عمرہ زائرین کو شاہی مہمان کے طور پر سعودی عرب مدعو کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے مطابق یہ اقدام خادم الحرمین الشریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام برائے مہمانان کے تحت کیا جا رہا ہے۔ یہ خصوصی کوٹہ ان شخصیات کے لیے مختص ہوتا ہے جنہیں سعودی قیادت کی جانب سے شاہی مہمان کی حیثیت سے مدعو کیا جاتا ہے۔

وزارت کے مطابق اس پروگرام پر عملدرآمد 1448 ہجری کے دوران چار مرحلوں میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ایشیا کے 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے 250 عمرہ زائرین کو سعودی عرب لایا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں شامل ممالک میں انڈونیشیا، مشرقی تیمور، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاؤس، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا شامل ہیں۔

سعودی وزیر اسلامی امور عبداللطیف الشیخ نے اس موقع پر شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی قیادت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام مسلم دنیا کے مختلف طبقات کے درمیان اخوت، رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ علماء، دینی شخصیات اور مسلم معاشروں کی بااثر شخصیات کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

مزید خبریں

Back to top button