امریکا ایران مفاہمت کے بعد قطر اور سعودی عرب متحرک، خلیجی سلامتی پر اہم رابطہ

دوحہ(ویب ڈیسک) قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے بعد خطے کی سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے، علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بات چیت کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے خطے پر ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق دونوں اعلیٰ سفارت کاروں نے اس امر پر زور دیا کہ خلیجی ممالک کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ خلیجی ریاستوں کی جانب سے واشنگٹن اور تہران کے درمیان کئی ماہ تک جاری رہنے والی کشیدگی کے بعد امن اور سفارتی استحکام کو فروغ دینے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button