آبنائے ہرمز سے 24 گھنٹوں میں 2 کروڑ بیرل تیل کی عالمی منڈیوں کی جانب روانہ ہوا، امریکی وزیر توانائی


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے ذریعے 2 کروڑ بیرل خام تیل عالمی منڈیوں کی جانب روانہ کیا گیا، تاہم بحری آمدورفت کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں اب بھی بعض مشکلات درپیش ہیں۔
نیویارک میں عالمی توانائی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کرس رائٹ نے بتایا کہ تیل کی ترسیل کا عمل جاری ہے اور عالمی منڈیوں کو سپلائی برقرار رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں بحری نقل و حمل کی مکمل بحالی میں تاخیر کا باعث بن رہی ہیں، جس کے باعث تیل بردار جہازوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔
امریکی وزیر توانائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی سپلائی لائن میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ بین الاقوامی تیل منڈیوں اور توانائی کی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز خلیجی ممالک سے خام تیل کی برآمدات کا اہم ترین بحری راستہ ہے، جہاں کسی بھی کشیدگی یا رکاوٹ کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔