آبنائے ہرمز پر ایران کا سخت مؤقف، پاسدارانِ انقلاب نے جہازوں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دیں

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کی منظوری اور رابطے کے بغیر کسی بھی نئے بحری راستے کا اعلان ناقابل قبول اور خطرناک تصور کیا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ صرف انہی مخصوص راستوں کے ذریعے ممکن ہے جو ایران کی جانب سے باقاعدہ طور پر مقرر کیے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے ساتھ رابطہ اور کوآرڈینیشن کرنا لازمی ہوگا۔

ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز عمان نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو آسان اور تیز بنانے کے لیے ایک عارضی سمندری راہداری کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا اعتراض عمان کی جانب سے متعارف کرائے گئے اسی راستے پر ہے یا کسی اور مجوزہ بحری گزرگاہ پر۔

دوسری جانب عمانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ عارضی بحری راہداری استعمال کرنے والے جہازوں پر کسی قسم کی فیس عائد نہیں ہوگی اور جہاز عمانی حکام سے رابطہ کرکے اس راستے سے گزر سکیں گے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران اور عمان کے بیانات خطے میں بحری سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل کے تناظر میں غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button