پی ٹی آئی کا اقبال آفریدی کے خلاف بڑا ایکشن، پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل، پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکنِ قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے مبینہ نامناسب رویے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے، جبکہ انہیں پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ بھی کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمانی امور اور پارٹی نظم و ضبط کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے وفد کے دوران پیش آنے والے واقعے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اقبال خان آفریدی کی جانب سے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کی شدید مذمت کی گئی۔

پارلیمانی پارٹی کے شرکا نے اقبال آفریدی کے خلاف ماضی میں سامنے آنے والی شکایات کا بھی ذکر کیا اور متفقہ قرارداد کے ذریعے ان کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی اپنے ارکان سے پارلیمانی روایات، باہمی احترام اور تنظیمی نظم و ضبط کی پابندی کی توقع رکھتی ہے۔ پارٹی وقار، اتحاد اور جمہوری اقدار کے منافی کسی بھی طرزِ عمل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اجلاس میں اقبال آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ تنظیمی ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button