ایران امریکا معاہدے کی خبروں کا اثر، پاکستانی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت دگنی ہوگئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں چند ہی دنوں میں ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

کرنسی مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مبینہ 60 روزہ امن معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد سرمایہ کاروں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں ایرانی ریال خریدنا شروع کر دیا، جس سے مارکیٹ میں طلب اچانک بڑھ گئی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ پانچ سے چھ دنوں کے دوران ایرانی ریال کی قیمت میں تقریباً 100 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی مالیت تقریباً دگنی ہو چکی ہے۔

ملک بوستان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ پیش رفت کے بعد پاکستانی شہریوں نے تقریباً 3 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کی ایرانی کرنسی خریدی، جن میں بڑی تعداد متوسط طبقے کے سرمایہ کاروں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ ایرانی ریال، جو چند روز قبل تقریباً دو ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب تھے، اب چار ہزار روپے کے قریب فروخت ہو رہے ہیں، جو طلب میں غیر معمولی اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

ملک بوستان کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق قیاس آرائیوں نے کرنسی مارکیٹ میں سرگرمی بڑھا دی ہے، جس کے باعث ریال کی خریداری میں مزید تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ غیر قانونی یا غیر رجسٹرڈ ذرائع سے کرنسی خریدنے کے بجائے صرف لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنیوں سے لین دین کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button