ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان ٹیم کی ناکامیوں کا سلسلہ برقرار

لیڈز (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 113 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ تجربہ کار بیٹر ایلیسے پیری 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال، رامین شمیم اور نشرا سندھو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان فاطمہ ثناء ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہیں۔
پاکستان ٹیم کی 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔ منیبہ علی کے سوا کوئی بھی بیٹر وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 13.4 اوورز میں 86 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ منیبہ علی 32 رنز کے ساتھ پاکستان کی نمایاں بیٹر رہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے انابیل سدرلینڈ، ایلیسے پیری اور سوفی مولینکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جارجیا ورہم نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ میں اب تک فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنا آخری گروپ میچ 27 جون کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔



