امریکی پابندیاں ختم،ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے تیل کی فروخت کیلئے ریفائنریز سے بولیاں طلب کرلیں

تہران(جانوڈاٹ پی کے)امریکی پابندیاں ہٹنے کے بعد ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے  ریفائنریز  کو تیل کی فروخت کے لیے ایشیائی ریفائنریز سے بولیاں طلب کرلی ہیں تاہم ایران کے بڑے خریداروں کے علاوہ مزید بولیاں پیش کیے جانے کی فی الحال توقع نہيں ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پابندیاں ہٹنے کے باوجود فی الحال چین ہی ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار رہے گا  جبکہ مجموعی طورپر بڑی ایشیائی ریفائنریز کی طرف سے ایرانی تیل خریدنے کی طلب دکھائی دینے کے امکانات کم ہيں۔

صنعتی ماہرین کاکہنا ہےکہ بڑی ریفائنریز کے پاس پہلے ہی تیل وافر مقدار میں موجود ہے، اس کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں تیل پیدا کرنے والے ديگر ممالک اپنے خریداروں پر زور ڈال رہے ہيں کہ وہ سالانہ معاہدوں کے تحت اپنی مطلوبہ مقدار میں تیل انہی سے خریديں۔

دوسری جانب شپ ٹریکنگ کمپنی کا کہنا ہےکہ گزشتہ 28 گھنٹوں میں سمندری راستوں میں ایرانی تیل کی مقدار میں ساٹھ لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت سمندر میں ترسیل کے لیے 12 کروڑ 60 لاکھ بیرل ایرانی تیل موجود ہے۔

مزید خبریں

Back to top button