شمالی کوریا جوہری ریاستی حیثیت برقرار رکھنے پر ڈٹ گیا

پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات کے پیش نظر ملک کے لیے جوہری ریاست کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
حکمراں ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کم جونگ اُن نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال غیر معمولی اور خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے، اور ان کے مطابق یہ صورتحال سامراجی طاقتوں کے جارحانہ اور مفاد پرستانہ رویوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تصادم کی بنیادی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے، جو ان کے بقول عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما نے امریکا اور جنوبی کوریا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنی مشترکہ عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، جس کا مقصد ان کے مطابق جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی بڑھانا اور شمالی کوریا کو نشانہ بنانا ہے۔
کم جونگ اُن نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں جوہری طاقت کی حیثیت برقرار رکھنا ملک کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔



