پرو ہاکی لیگ: پاکستان اور بھارت آج لندن میں آمنے سامنے

لندن (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج لندن میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کو اس اہم مقابلے میں پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سفیان خان اور مرکزی اسٹرائیکر حنان شاہد کی عدم موجودگی کا سامنا ہے، جس کے باعث گرین شرٹس کی فارورڈ لائن اور پنالٹی کارنز کے شعبے میں کمزوریاں واضح ہونے کا خدشہ ہے۔

دونوں کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری مقابلہ 14 اکتوبر 2025 کو سلطان آف جوہر کپ میں ہوا تھا جو 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔ اس میچ میں حنان شاہد نے ایک جبکہ سفیان خان نے دو گول اسکور کیے تھے۔

ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے اور ٹیم مسلسل 12 میچز ہار چکی ہے، جس کے باعث آج کے میچ میں دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب ماہرین کے مطابق پاکستان کو بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے دفاع اور پنالٹی کارنر حکمت عملی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button