ننکانہ صاحب میں مذہبی ہم آہنگی کی شاندار مثال: بھارتی سکھ یاتریوں کی یاترا جاری، سخت سکیورٹی اور خصوصی انتظامات

ننکانہ صاحب(جانوڈاٹ پی کے)مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی تقریبات کے موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی جاری ہے، جہاں یاتری بابا گورو نانک دیو جی کے جنم استھان پر ماتھا ٹیک رہے ہیں۔

گردوارہ جنم استھان آمد پر ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے رہائش، لنگر اور طبی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق گردوارہ جنم استھان اور دیگر مذہبی مقامات پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات نافذ ہیں اور ضلعی انتظامیہ بھی مکمل طور پر متحرک ہے۔

یاتریوں نے گردوارہ جنم استھان میں مذہبی رسومات ادا کیں اور عبادات میں شرکت کی، جبکہ وہ 23 جون کو بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب کی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔

پروگرام کے مطابق یاتری ننکانہ صاحب کے بعد گردوارہ سچا سودا فاروق آباد اور پھر گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کریں گے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین قمرالزمان کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور سکیورٹی شامل ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق نے کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کو محفوظ، پُرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کر رہا ہے، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام انتظامات مثالی انداز میں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کی خدمت اور سہولت متروکہ وقف املاک بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں

Back to top button