وفاقی وزرا کو کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل یا فارغ کرنا وزیراعظم کا اختیار ہے، طارق فضل چوہدری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے حکومت کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم شہباز شریف بہترین انداز میں ملک کو چلا رہے ہیں اور حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد ہے۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق وفاقی وزرا کو تبدیل یا فارغ کرنا وزیراعظم کا آئینی اختیار ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی غیر معمولی صورتحال موجود نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قومی اسمبلی سے وفاقی بجٹ 24 جون کو منظور ہونے کی توقع ہے جبکہ اتحادی جماعتوں سے معاملات طے پا چکے ہیں۔ ان کے مطابق 25 اور 26 جون کی عاشورہ تعطیلات کے بعد اسمبلی کا نیا اجلاس بلانے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔
آزاد کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کالعدم تنظیم سے مذاکرات نہیں کرے گی، اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پہلے پرتشدد احتجاج ترک کرکے قانون کے دائرے میں آنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں 12 نشستوں کا معاملہ آئینی نوعیت کا ہے اور اس پر آئینی طریقہ کار کے مطابق ہی پیش رفت ہوگی۔